لاہور(نمائندہ جنگ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف پہنچانے کی جدوجہد کر رہی ہے، انشاء اللہ ہماری محنت ملک و قوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عید لائیگی۔ وزیراعظم نے عیدالفطر 1444ھ کے موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارک باد کا پیغام دیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لیکر آئے۔ رمضان المبارک کے روزوں اور عبادات الٰہی اللہ سے ہماری زندگی میں صبر، قناعت اور دوسروں کے احساس کا جو جذبہ پیدا ہوا ہے، عیدالفطر اس کے عملی اظہار کا بھی ایک موقع ہے۔ اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں۔