لاہور (اے پی پی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے6رکنی ٹکٹ جائزہ کمیٹی قائم کر دی ہے جو پنجاب میں ہونیوالے انتخابات میں امیدواروں کو جاری کیے گئے ٹکٹس کے معاملات کا جائزہ لیگی۔6رکنی کمیٹی میں سید یوسف رضا گیلانی، سید نیئر حسین بخاری ،مخدوم احمد محمود،قمر زمان کائرہ،رانا فاروق سعید اور سید حسن مرتضی شامل ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، دریں اثنا قائمقام صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب رانا فاروق سعید نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے آئندہ الیکشن میں پارٹی ٹکٹس پر تحفظات رکھنے والے امیدوار چیئرمین بلاول بھٹو سے اپیل کر سکتے ہیں،جن امیدواروں کو ٹکٹ نہیں ملی وہ اپنی اپیلیں جائزہ کمیٹی کے ارکان کو بھی واٹس ایپ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹکٹ تقسیم میں شفافیت کیلئے 6رکنی جائزہ کمیٹی بنائی ہے۔ اپیلیں 25اپریل تک چیئرمین سیکرٹریٹ بھجوائی جا سکتی ہیں یا کمیٹی ارکان کو واٹس ایپ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت کارکنوں پر فیصلے نہیں ٹھونستی بلکہ ملکر کرتی ہے۔