پشاور(نمائندہ خصوصی)تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے ملک میں بجلی آٹے و چینی کے بحران اور قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ملک میں آٹے و چینی کا بحران لمحہ فکریہ ہے جبکہ اس کے باوجود بڑے ڈیم نہ بنانا قومی جرم ہے رحمت خان وردگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور ملک میں زرعی انقلاب کے بغیر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ناممکن ہے۔ کالا باغ ڈیم سمیت بڑے ڈیم بنا کر نہ صرف بجلی آٹے اور چینی کے بحران کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے بلکہ پانی سے بننے والی سستی بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے عوام کو مہنگی بجلی سے بھی نجات مل سکتی ہے۔ بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے ملک میں صنعتی انقلاب آئے گا جس سے ملک میں غربت و بے روزگاری کاخاتمہ ہو گا اور ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا بڑے ڈیم بنانے سے ملک میں لاکھوں ایکڑ بنجر زمینوں کے سرسبز و شاداب بننے سے ملک میں زرعی انقلاب آئے گا اور اس طرح گنے اور گندم کی پیداوار میں اضافہ ہو گا جبکہ آٹے اور چینی کے بحران سے بھی ملک کو نجات مل جائے گا رحمت خان وردگ نے کہا کہ بڑے ڈیم بننے سے ملک میں زرعی و صنعتی انقلاب آئے گا ملک معاشی طور پر مستحکم ہوجائے گا اور ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی سے بھی نجات مل جائے گی۔