• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتدار میں آیا تو فوج میں کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان

لاہور(ایجنسیاں/جنگ نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی فوج سمیت کسی سے دشمنی نہیں ‘اگراقتدارمیں آیاتو فوج میں کرپشن کرنیوالوں کو نہیں چھوڑوں گا‘.

انہوں نے حکومت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں سلیکٹڈ کہنے والے میدان میں آئیں ‘اب تو امپائر اور اسٹیبلشمنٹ بھی تمہارے ساتھ ہے ‘الیکشن لڑکر دکھاؤ‘پی ٹی آئی کو جان بوجھ کر ہدف بنایا جارہا ہے‘ ہم بخوبی واقف ہیں کہ اس سب کے پیچھے کون ہیں ‘ باجوہ نے ان چوروں کو اپنی ایکسٹینشن کیلئے مسلط کیا‘پاکستان کا سارا سسٹم غلاموں کا بن گیا ہے ہم آزاد نہیں ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک سوال پر عمران خان کا کہناتھاکہ میری فوج سمیت کسی سے دشمنی نہیں ‘اگر ہم آگئے تو فوج میں جو کرپشن ہے میں نہیں چھوڑوں گا۔

علاوہ ازیں سماجی را بطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ میرے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن تاحال ایف آ ئی کے کی تحویل میں ہیں، وہ ایک سمندرپار مقیم پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ چھوڑا اور حقیقی آزادی کے نصب العین کے حصول میں ہمارا ہاتھ بٹانے پاکستان آئے۔

انہوں نے کہا کہ میری سیکورٹی کمزور کرنے اور تحریک انصاف کی صفوں میں خوف و ہراس پھیلانے کیلئے انہیں جان بوجھ کر ہدف بنایا جارہا ہے۔ ہم بخوبی واقف ہیں کہ اس سب کے پیچھے کون ہے ۔

دریں اثناءپی ٹی آئی کے یوم تاسیس کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ جب مجھے انصاف نہیں ملا تو غریب اور عام شہریوں کو کیسے ملے گا۔ میں خودپرہونے والے حملے کے بعد تین ملوث لوگوں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کروا سکا جبکہ مجھے معلوم بھی تھا، ایک افسرکا نام آنے پر پولیس نے میری شکایت پر مقدمہ درج نہیں کیا۔2011ء میں مینار پاکستان جلسہ دیکھ کر الیکٹ ایبلز نے پی ٹی آئی میں آنا شروع کیا۔

دو سال کوشش کرتا رہا ای وی ایم کو لایا جائے، تمام جماعتوں اور ان کے ہینڈلرز نے نہیں آنے دی۔ یہ ہماری حکومت کو سلیکٹڈ کہتے رہے، ان کو چیلنج کرتا ہوں اسٹیبلشمنٹ تمہارے ساتھ کھڑی ہے تو آؤ الیکشن میں مقابلہ کرو‘نواز شریف پہلے مشرف دور میں بھاگا تھا، اب عدالت سے سزا ہوئی تو پلیٹ لیٹس اوپر کر کے باہر بھاگ گیا ہے۔

پاکستان کے سسٹم میں کرپٹ لوگ پیسہ بناتے ہیں‘پاکستان میں سب سے زیادہ پیسے والے لوگ اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں‘باجوہ نے ان چوروں کو اپنی ایکسٹینشن کیلئے مسلط کیا۔

ہمیں انصاف کیلئے قربانیاں دینا پڑیں گی‘یہ اپنی چوری بچانے کیلئے چیف جسٹس کے پیچھے پڑے ہیں‘پاکستان کا سارا سسٹم غلاموں کا بن گیا ہے ہم آزاد نہیں ہیں۔دنیا میں ڈنمارک انصاف دینے میں پہلے نمبر پر ہے، پاکستان کا نمبر 129 واں نمبر ہے، اگر یہ چور اوپر رہ گئے تو پاکستان کا نمبر انصاف دینے میں 140 سے بھی اوپر چلا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید