• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھوٹے اور ہتک آمیز بیانات فوری بند کریں، حسین حقانی کا عمران کو نوٹس

لندن (مرتضیٰ علی شاہ ) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے امریکی وکلا نے عمران خان سے کہاہے کہ وہ اپنی حکومت گرانے کے حوالے سے حسین حقانی پر جھوٹے الزامات لگانے کا سلسلہ بند کردیں ورنہ ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیاجائے گا اور حسین حقانی کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کا انھیں ذمہ دار تصور کیا جائے گا۔ حسین حقانی کے امریکی وکیل اسٹون Barentzen نے اس حوالے عمران خان کو ان کے بنی گالہ کے پتے پر ایک خط بھیجا ہے جو پیر کو ان کو پہنچایاگیا ،عمران خان نے حالیہ دنوں میں حسین حقانی کے خلاف کئی بیانات دئے ہیں جن میں ان کو اپنی حکومت گرانے کی مبینہ سازش میں ملوث قرار دیاگیاہے اور الزام لگایاگیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور فوجی انٹیلی جنس نے امریکہ میں پاکستانی فوج کیلئے لابنگ کرنے کیلئے ان کی خدمات حاصل کی تھیں اور حقانی نے امریکہ میں ان کا منفی امیج پیدا کیا،حسین حقانی نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے اور عمران خان پر دروغ گوئی اور دشنام طرازی کا الزام لگایاہے حقانی کے وکلا نےعمران خان سے کہا ہے کہ وہ حقانی کے خلاف جھوٹے اور ہتک آمیز الزامات لگانے خاص طور پر حقانی پر ریٹائرڈ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کیلئے لابنگ کرنے کا الزام عاید کرنے اور امریکہ میں ان کے خلاف کمپین شروع کرنے اور کسی بھی ایسی کارروائی کا سلسلہ فوری طورپر بند کردیں جس کی بنیاد پر ان کے پیروکار حقانی کو ہراساں کرسکتے ہوں۔ قانونی خط میں کہاگیاہے برائے مہربانی آپ کو مشورہ دیاجاتاہے کہ حقانی کبھی بھی امریکہ میں پاکستان کے حالیہ سابق آرمی چیف سمیت کسی کے لابسٹ نہیں رہے حقانی ایک اسکالر ہیں جو پاکستان کی سیاست اور خارجہ پالیسی پر تواتر کے ساتھ لکھتے رہتے ہیں ،پاکستان کی سیاست میں فوجی مداخلت پر تنقید آئینی جمہوریت اور اسلامی انتہا پسندی کے خلاف ان کی تحریروں کی وجہ سے پوری دنیا میں ان کی عزت کی جاتی ہے ، امریکہ میں کسی غیر ملکی کیلئے لابنگ کرنے کیلئے امریکی وزارت انصاف سے رجسٹریشن کرانا پڑتی ہے۔اور رجسٹریشن کرائے بغیر ایسا کرنا امریکی قانون کی خلاف ورزی ہے ،حقانی نے اس کی یا کسی اور قانون کی خلاف ورزی نہیں کی مزید براں حقانی نے پاکستان میں کسی سے امریکہ میں کسی کے خلاف کام کرنے کیلئے کوئی معاوضہ نہیں لیا ہے،حقانی کے وکلا نے عمران خان سے کہاہے کہ ان کے یہ الزامات کہ حقانی نے امریکہ کو ان کا مخالف بنانے کیلئے کام کیا ہے نہ صرف جھوٹے ہیں بلکہ بہت خطرناک بھی ہیں ۔یہ جھوٹے اور ہتک آمیز بیانات آپ نے دئے ہیں اور نشر کئے گئے ہیں اور ویڈیوز ،میڈیا انٹرویوز اور سوشل میڈیا میں آپ کے سپورٹرز کو حقانی کے خلاف اشتعال دلانے کیلئے ان کو دہرایا گیاہے ،اس سے ان کی خلوت اور ان کا ذاتی تحفظ خطرے میں پڑگیاہے ۔حقانی کو خاص طورپر اس بات پر پریشانی ہے کہ آپ کے پاکستانی فالوورز تشدد میں ملوث ہونے کے حوالے جانے جاتے ہیں اور ملک کے باہر بھی انھوں نے معروف پاکستانیوں پر حملے کئے ہیں۔ آپ کے فالوورز سوشل میڈیا پر حقانی کو ہراساں کررہے ہیں جس کی وجہ سے اپنے تحفظ کے حوالے سے ان کی تشویش بجا ہے ۔آپ کو آگاہ کیاجاتاہے کہ اگر آپ نے فوری طورپر جھوٹے اور ہتک آمیز الزامات لگانے اور اپنے فالوورز کو تشدد پر اکسانے کاسلسلہ بند نہ کیا اور حقانی کے ساتھ کچھ زیادہ برا ہوگیا تو وہ اپنے تحفظ اور دفاع کیلئے بغیر کسی اور نوٹس آپ کے خلاف ضروری قانونی کرسکتے ہیں اور آپ قابل مواخذہ تصور کئے جائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید