• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پونچھ سیکٹر واقعہ، بھارت ایک اور سرجیکل اسٹرائیک کریگا، عبدالباسط

کراچی (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوجیوں پر مبینہ حملے کے بعد سابق پاکستانی سفارتکار عبدالباسط نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر ایک اور سرجیکل اسٹرائیک کرے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں بھی لوگ یہ باتیں کررہے ہیں کہ انڈیا ایک اور سرجیکل اسٹرائیک یا فضائی حملہ کرے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ حملہ فی الحال نہیں ہوگا کیوں کہ بھارت رواں برس شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور جی ٹوئنٹی اجلاس کی میزبانی کرنے جارہا ہے اور میرے خیال میں بھارت اس وقت کسی بھی مس ایڈونچر نہیں کرے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ آئندہ برس جب بھارت میں انتخابات منعقد ہوں گے اس دوران بھارت ایک اور حملے کرے گا۔ یہ حملہ انتخابات سے کچھ عرصہ قبل بھی کیا جاسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عبدالباسط نے پونچھ سیکٹر واقعے کا جواز پیش کرنے کی بھی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا خواہ وہ مجاہدین نے کیا ہے یا پھر کسی اور نے اس میں شہریوں کی بجائے فوج کو ہدف بنایا گیا ہے۔ کشمیری قانونی جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کوئی تحریک چلارہے ہیں اور اس میں شہریوں کی بجائے عسکری اہداف کو نشانہ بناتے ہیں تو عالمی قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔ سابق پاکستانی سفارتکار نے مزید کہا کہ بھارت کو معلوم ہے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید