اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر داخلہ رانا ثنا کے دعویٰ کو دھوکہ دینے کی ایک اور کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے غیر ملکی ایجنسیوں سے نہیں ان تین افراد سے جان کو خطرہ ہے جن کے نام وزیر آباد میں ہونیوالے قاتلانہ حملے کے بعد لئے تھے۔ گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ میری جان کو غیر ملکی ایجنسیوں سے خطرہ ہے۔ میں پورے ملک پر یہ واضح کر دوں کہ میری جان کو صرف ان تین لوگوں سے خطرہ ہے جن کے نام میں نے وزیر آباد کے قاتلانہ حملے کے بعد لئے تھے۔ میں نے ویڈیو بیان میں انہی تین اور مزید تین افراد کی نشاندہی کی تھی جنہوں نے 18 مارچ کو اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے ختم کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر حملہ ہوا تو ذمہ دار وہی لوگ ہوں گے۔ جس طرح انہوں نے وزیر آباد حملے کا الزام ایک مذہبی انتہا پسند پر ڈالنے کی کوشش کی تھی اسی طرح اب غیر ملکی ایجنسیوں کا کہہ کر دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں قوم پر یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا تو ذمہ وہی لوگ ہوں گے جن کی میں نے شناخت کی ہے۔ وہ گھبرائے ہوئے ہیں کہ میں اقتدار میں آ کر ان کو ذمہ دار ٹھہراؤں گا اس لئے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے اپنے بیان میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کی صحت یابی کی دعا بھی کی اور کہا کہ طیب ایردوان مسلم امہ کے حق میں اور اسلاموفوبیا کے خلاف سب سے نمایاں آواز بنے رہے۔