• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبر کونسلر پال فشر کی نواز شریف کے فلیٹ پر مظاہروں پر پابندی لگانے کی کوشش

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) لیبر کونسلر پال فشر کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مل کر لندن میں نواز شریف کے ایون فیلڈ فلیٹس کے سامنے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے مظاہروں پر پابندی لگوانے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ مظاہرین کے نعروں کی وجہ سے علاقے کے مکینوں کوپریشانی ہوتی ہے اور یہ ایک مستقل صورت اختیار کر گیا ہے۔ لیبر کونسلر پال فشر، جو لائسنسنگ اور پبلک پروٹیکشن سے متعلق امور کے ڈپٹی کیبنٹ منسٹر بھی ہیں، نے ایون فیلڈ کے سامنےنواز شریف کی جدہ سے لندن واپسی کیلئے ان کے استقبال کیلئے جمع ہونے والے ہجوم کے موقع پر پاکستانی میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے مکین بہت پریشان ہیں اور یہ بات سمجھ میں بھی آتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ احتجاج اور جوابی احتجاج سے قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ کونسلر نے کہا کہ انھوں نے ایسے شواہد دیکھے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کم احترام کرنے والی ہے، مقامی شہریوں کے سکون کیلئے یہ سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ کونسلر کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف احتجاج کا سبب نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نواز شریف کی حمایت یا مخالفت نہیں کررہا ہوں، یہ سڑک مکینوں کیلئے ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیاکہ کیا وہ احتجاج پر پابندی لگوانے کیلئے لوکل کونسل کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تو انھوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ہر ایک اس سڑک پر واقع اس عمارت ایون فیلڈ پر نعرے لگائے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ اس سڑک پر کسی قسم کی کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہونی چاہئے، اگر لوگ احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے اور بھی بہت سی جگہیں ہیں، جہاں وہ ایسا کرسکتے ہیں لیکن انھیں یہاں ایسا نہیں کرنا چاہئے، آپ پولیس کے ساتھ آرگنائز کر کے مارچ کرسکتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید