• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان‘ عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات مہم جاری

پشاور(جنگ نیوز) محکمہ صحت عامہ کے زیراہتمام عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات مردان میں منایاجارہاہے۔اس حوالے سے یونین کونسل بجلی گھر میں واک ہوئی جس سے ای پی آئی کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر امتیاز علی نے کہا کہ کمسن بچوں کو معمول میں حفاظتی ٹیکے لگانا انتہائی نا گزیر ہے۔ بروقت حفاظتی ٹیکے لگانے سے بچوں میں بیماریوں کے خلاف مدافعتی نظام بڑھتا ہے جس سے بیماریوں کی شرح میں خاطر خواہ کمی ہوتی ہے۔حفاظتی ٹیکوں کا مجموعہ پیدائش سے لے کر 15 ماہ کی عمر تک دیا جاتا ہے۔ شیڈول کی تکمیل بچوں کو 12بیماریوں سے بچاتی ہے جو ویکسین کے ذریعے روکی جا سکتی ہیں جن میں تپ دق، پولیو، خناق، پرٹیوسس، تشنج، ہیمو فیلس انفلوئنزا ٹائپ بی، ہیپاٹائٹس بی، ڈائریا، نمونیا، ٹائیفائیڈ، خسرہ اور روبیلا شامل ہیں، ویکسین ہر سال لاکھوں جانوں کو بچاتی ہے، خاص طور پر ان بچوں کی جو کم قوت مدافعت کی وجہ سے زیادہ حساس ہیں۔ ویکسی نیشن محفوظ اور موثر طریقہ ہے جس سے ان کی زندگی میں زندہ رہنے، ترقی کی منازل طے کرنے اور زندگی میں اپنی پوری صلاحیت تک پہنچنے میں مدد ملتی ہے۔ڈاکٹر امتیازنے سول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ 2 سال سے کم عمر بچوں کو بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکے لگوا کر ایک صحت مند معاشرہ بنانے میں محکمہ صحت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ آگاہی واک میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) انجینئر سید شاہ زیب سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، ان سٹاف ڈاکٹر عمر شریف،کامنیٹ سٹاف اور محکمہ صحت کے عملے نے شرکت کی۔
پشاور سے مزید