کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹر سائیکلیں اور منشیات برآمد کر لی۔ درجنوں گاڑیوں سے کالے شیشے اتار لئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی پولیس غلام اظفر مہیسر، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ زوہیب محسن کی خصوصی ہدایت پر تھانہ امیر محمد دستی کے عملے نے دوملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین مسروقہ موٹر سائیکلیں اور ایک واٹرپمپ برآمد کرلیا۔ 9 منشیات کے عادی افراد کو علاج کیلئے ریہیبلیٹیشن سینٹر منتقل کر دیاگیا۔اسی طرح گوالمنڈی پولیس نے مسروقہ گاڑی برآمد کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں ، بروری پولیس نے اشتہاری ہمایوں اختر کو گرفتار کر لیا، قائد آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزم قدرت اللہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو منشیات برآمد کرلی ،متعلقہ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔