لاہور (اے پی پی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کے فضل و کرم سے ملک میں اس سال گندم کی گزشتہ دس سالوں کی نسبت سب سے زیادہ پیداوار ہوئی ہے،بارشوں اور سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن گندم پیدا ہونا بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے، وفاقی و صوبائی محکموں کے براہ راست گندم خریدنے پر کسانوں کو بھرپور فائدہ ہوگا، تمام تر مالی مشکلات کے باوجود گندم کی بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔ وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی کسانوں کو معیاری بیج، کھاد کی بلاتعطل فراہمی، کسان پیکیج اور بروقت فیصلوں کی بدولت گندم کی شاندار پیداوار کا حصول ممکن ہوا،آئندہ سال حکومت اس سے بھی زیادہ پیداوار کیلئے حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ نا اہل حکومت کی بد انتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم در آمد کرنے والا ملک بن گیا،گزشتہ حکومت نے کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا،صوبائی و وفاقی محکمے براہِ راست کسانوں سے گندم خریں، تاکہ کاشتکار کو بھرپور فائدہ پہنچے۔وزیر اعظم نے کہاکہ تمام صوبائی اور وفاقی ادارے گندم خریداری کا اپنا ہدف بڑھائیں تاکہ پورا سال گندم کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے،تمام افسران گندم کی بروقت خریداری یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم کی متعین کردہ مقدار کے حصول کیلئے درکار وسائل کو بینکوں کے ذریعے مہیا کیا جائے۔اجلاس میں گندم کے موجودہ ذخائر، کیری فارورڈ ذخائر، وفاقی و صوبائی محکموں کے خریداری کے اہداف اور پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دی اور وزارت کے اقدامات کی پزیرائی کی۔ وزیرِ اعظم نے تمام اداروں کو اپنے اہداف میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔