اسلام آباد(جنگ نیوز/ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دورہ بھارت کی مخالفت کردی اورکہاکہ ان کے لئے کشمیر کوئی ایشونہیں ہے ‘ جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف فیض حمید سے بھی اوپر سے آیاتھا‘ہمیں تو بتایا جاتا تھا قانون سب کیلئے برابر ہے .
لہذا فائز عیسی سے بھی جواب لینا ہے بعد میں اندازہ ہوا اس کا مقصد کچھ اور تھا‘کرکٹ میں تو ڈبل سینچری نہیں بنا سکا لیکن لگتاہے میرے خلاف مقدمات کی ڈبل سنچری جلد بن جائےگی‘.
لاہور ہائی کورٹ کو واضح طور پر بتایاہے میری جان کو ڈرٹی ہیری سے خطرہ ہے ‘اگر مراد سعید کو کچھ ہوگا تو اس کے پیچھے بھی یہ ڈرٹی ہیری ہوگا،باجوہ نے کئی باربتایا انڈیا سے جنگ ہوئی توٹینکوں میں تیل نہیں ہوگاجس پر حیران تھا ‘ محمود خان نے وقت پر بتا دیا تھا طالبان واپس آ رہے ہیں‘ جنرل فیض کا نہیں بلکہ جنرل باجوہ کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے کیونکہ وہ جنرل فیض کا باس تھا‘ امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں غلامی نہیں چاہتے ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان سخت سکیورٹی انتظامات کے ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ہائیکورٹ نے عمران خان کی 7 مقدمات میں ضمانت منظور اور 2 مقدمات میں ضمانت میں توسیع کردی۔اس موقع پر عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ میں 5 رکنی بینچ کونام بتایا ہے جس سے جان کو خطرہ ہے‘ اس کا نام لوں گا تو وہ آپ کا اخبار نام نہیں چھاپے گا اسی لیے میں اس کو ڈرٹی ہیری کہتا ہوں‘ نگران حکومت وہ چلا رہا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ جسٹس قاضی فائز کے خلاف ریفرنس سے سپریم کورٹ میں تقسیم نہیں ہوئی؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کہاں سے آیا ہوگا؟ ان کے خلاف ریفرنس فیض حمید سے بھی اوپر سے آیا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے آپ کی حکومت کی طالبان سے مذاکرات کی پالیسی غلط تھی، افغان حکومت سے مذاکرات جاری تھے کہ ٹی ٹی پی والوں کوکیسے واپس بھیجنا ہے،مذاکرات جاری تھے اس دوران ہماری حکومت چلی گئی‘ہم نے بھی وقت پر باربار بتایا کہ طالبان دوبارہ آرہے ہیں۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا جنرل فیض سے کبھی رابطہ نہیں رہا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے بھارت کے ساتھ کیوں تعلقات توڑے تھے، اس کا مطلب ہے 5 اگست کو جو ہوا اس کو انہوں نے تسلیم کر لیا۔
نمائندہ جنگ کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے کہاکہ اعظم سواتی ، شہباز گل کیس میں بھی پیچھے ڈرٹی ہیری تھا‘مجھے گولی بھی ڈرٹی ہیری نے مروائی‘ رپورٹ آ گئی ہے ، ارشد شریف کیس میں خفیہ ایجنسی ملوث ہے۔