کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں ان پر 200مقدمات درج ہیں اس کی تفصیلات تو بتائیں، پی ٹی آئی کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا کہ اس وقت تمام ریاستی ادارے پی ڈی ایم حکومت کے دباؤ میں کام کررہے ہیں،ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے کہا کہ وزیراعظم یا کابینہ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی نہیں کی ، سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ پارلیمنٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک ہر طرف تماشا لگا ہوا ہے،ن لیگ کے سینئر رہنما عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف کے منہ پھٹ وزراء کلثوم نواز سے نواز شریف تک کی بیماری سے متعلق گھٹیا الفاظ استعمال کرتے رہے، عمران خان چند دن پہلے جلسے میں ٹرک پر کھڑے ہو کر سیاستدانوں، فوج، پارلیمان اور فوجی سربراہان کو گالیاں دے رہے تھے ا س وقت ان کی ٹانگ بالکل صحیح تھی، عدالت عظمیٰ نے ضمانت کینسل کرنے کی بات کی تو عمران خان کی ٹانگ پر میڈیکل بورڈ بن گیا۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان پر فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیسوں میں چارج فریم ہونا ہے جس سے بھاگتے پھر رہے ہیں، عمران خان کو مہلت پر مہلت دے کر کون سی سہولت کاری کی جارہی ہے۔