• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ مقدمے میں جیت سے پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہوا، شہباز شریف

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برطانیہ میں منی لانڈرنگ مقدمے میں میری جیت سے پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے ان کے خلاف برطانیہ میں منی لانڈرنگ کا مقدمہ قائم کرنے اور نیشنل کرائم ایجنسی کیلئے حکومتی مشینری کو استعمال کیا۔ انھوں نے کہا کہ این سی اے نے صرف برطانیہ میں نہیں بلکہ دبئی، سوئٹزرلینڈ اور دیگر ممالک میں بھی ان کے خلاف تفتیش کی لیکن 2 سال کی تفتیش کے بعد مجھے کلین چٹ دیدی گئی۔ انھوں نے کہا کہ این سی اے نے میرے خلاف انتقامی کارروائی کی، عمران خان نے اس مقدمے میں سرکاری رقم استعمال کی اور میرے خلاف سب کچھ کیا لیکن ناکام رہے۔ انھوں نے مجھے اور پاکستان کو بدنام کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا لیکن ناکام رہے، اللہ کے فضل سے نہ صرف یہ کہ پاکستان کی ساکھ بچ گئی بلکہ اس مقدمے میں میری جیت سے اس میں اضافہ ہوا۔ شہباز شریف نے عمران خان کو ناشکرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ذاتی انا اور مفادات کی خاطر اپنے فائدہ پہنچانے والوں کو بھی نہیں بخشا۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنے جھوٹ کا جواب دینا ہوگا۔ سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے ایک گھنٹے کی ملاقات میں پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے تعلقات پر تبادلہ خیال کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حمزہ یوسف کے ساتھ ان کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ انھوں نے کہا حمزہ یوسف ایک ذہین اور پر عزم نوجوان ہیں، برطانیہ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ پاکستان کے بہت اچھے تعلقات ہیں، سکاٹ لینڈ میں 80,000 پاکستانی رہتے ہیں، ہم نے ایک سرمایہ کار کانفرنس منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس میں دیکھا جائے گا کہ ہم اپنے آپ کو کس طرح مزید مضبوط اور مستحکم بنا سکتے ہیں، سرمایہ کار کانفرنس میں تعلیم، تجارت، شمسی توانائی اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی، ہم ان تمام شعبوں میں مل کر کام کریں گے۔

یورپ سے سے مزید