کراچی (جنگ نیوز)ملک کے ممتاز تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمران خان اس وقت بہت کمزور پوزیشن پر ہیں‘سات دنوں کے اندرپنجاب میں انتخابات ممکن نہیں ‘رواں ہفتہ بہت اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہارسینئرصحافی حامدمیر‘حسنات ملک ‘ شہباز رانا اور ن لیگ کے رہنماءعطاتارڑنے جیو نیوز کے پروگرام ’’نیاپاکستان ‘‘میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ عمران خان اس وقت بہت کمزور پوزیشن پر ہیں‘ انہوں نے پچھلے سال لانگ مارچ کا اعلان کیااس وقت شہباز شریف اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کرچکے تھے اور عمران خان اس بات کو جانتے تھے‘ انہوں نے سوچا کہ شہباز شریف نے اسمبلی توڑنی تو اس کا کریڈیٹ لے لینا چاہیے لیکن شہباز شریف پیچھے ہٹ گئے اور اس سارے معاملے کی قمر جاوید باجوہ سہولت کاری کر وا رہے تھے۔
عمران خان کی بہت کمزور پوزیشن ہوچکی ہے۔ حکومت نے نام نہاد قسم کے مذاکرات کیے جس میں حکومت کی نیت نہیں تھی کہ مذاکرات کامیاب ہوں اس لیے وہ کامیاب نہیں ہوئے ۔ عمران خان اگر سڑکوں پر جانے کا سوچ رہے ہیں تو ایک نظر پیچھے ڈال لیں اگر تیسری دفعہ بھی ناکام ہوئے تو بہت نقصان ہوگا۔