ملتان(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن مایوس نہ ہوں الیکشن کی تیاری کریں، پی ڈی ایم قوم پر رحم کرے.
اقتدار سے الگ ہو، فوری الیکشن کروائے،فوری الیکشن ملک کی ضرورت ہیں۔ یہ لوگ اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں۔ ان کی تمام تر توجہ عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر مرکوز ہیں۔
ملک اور قوم شدید ترین مشکل میں ہے۔ عوام کاجینا دوبھر ہو گیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں۔ ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے۔ ایسالگتا ہے ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156اور پی پی 217کی مختلف یونین کونسلوں میں تقریبات سے خطاب اور عمائدین سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔