کوئٹہ (پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی اور مضبوط ہے اور یہ مزید مضبوط ہوتی رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رواں برس پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ایک دہائی مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین سے تعلقات ہمیشہ سے مستحکم اور برادرانہ رہے ہیں اور اس میں وقت کے ساتھ مزید بہتری اور مضبوطی آتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن اور استحکام خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی، رابطے اور خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے۔ پاکستان پرامن مستحکم خوشحال اور متحد افغانستان کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی اور رابطوں کے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ابھرتے ہوئے عالمی خدشات جیسے انسان کی پیدا کردہ موسمیاتی تبدیلی کی روشنی میں تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے چین کے ساتھ منسلک رہنے کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی 72 سال پرانی ہے جو کئی برسوں سے مضبوط ہورہی ہے ۔ دونوں ممالک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ آنے والی دہائیوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ رواں برس پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ایک دہائی ہوگئی جو بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی نمایاں مثال ہے ،منصوبے سے روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک ایک ایسا معاشی اقدام ہے جو پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش منصوبہ ہے۔انہوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی ترقی کے لئے چین کی بھرپور حمایت کے ساتھ تنازع کشمیر پر اس کے اصولی اور منصفانہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستانی موقف کی حمایت کی جس کے لئے ہم چین کے مسلسل تعاون اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین افغانستان کی تعمیرنو میں مدد کیلئے ہمیشہ سے تیار ہیںاور امید کرتے ہیں کہ افغانستان بھی پڑوسیوں کے دہشت گردی سے متعلق خدشات کو سنجیدہ لے گا۔