• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے عمران خان کو فوج کیخلاف ایف آئی آر سے روکا، صدر PTI پرویز الٰہی

اسلام آباد،لاہور(نمائندہ جنگ /ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آپ فوج کےادارہ کےخلاف ایف آئی آرنہیں دےسکتے،دوتین ٹیکنیکل چیزیں تھیں،میں نے ایف آئی آرسےروکاتھا،عمران خان نےوزیراعلیٰ بنایاتھا،ایسی بات کیسےکرتاجس سےعمران خان کوذہنی اذیت ہوتی،ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آپ کسی جج کےخلاف ایف آئی آرنہیں دے سکتے،ان کااپناادارہ موجودہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے فوج سے کہا ہے کہ وہ قانونی راستے کی حمایت کر کے شفاف انکوائری کے ذریعے عمران خان کو مطمئن کرے۔ پیر کو آئی ایس پی آر کے بیان پر ردعمل میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر اور مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے پی ٹی آئی چیئرمین کا بھرپور دفاع کیا اور کہا کہ فوج کو شکوک و شبہات دور کرنے کے لئے اس سنگین معاملے کی شفاف تحقیقات کرنی چاہئے۔ اسد عمر نے کہا کہ فوج کو قانونی راستے کی حمایت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر سے مکمل اتفاق کرتا ہوں کہ الزامات کے حل کے لئے قانونی راستہ اختیار کیا جانا چاہئے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ عمران خان نے ایف آئی آر درج کر کے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی کوشش کی۔ اس قانونی راستے کی حمایت کرنے والے ادارے کا یہ ایک بہت ہی مثبت قدم ہو گا۔ ادھر فواد چوہدری نے کہا کہ اگر عمران خان کو یقین ہے کہ ان پر قاتلانہ حملے میں کوئی افسر ملوث ہے تو کسی بھی قسم کے شکوک کو دور کرنے کے لئے آزاد اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الزامات کی تحقیقات سے انکار اور اس طرح کا ایک پریس بیان جاری کرنے کا مطلب یہ ہے کہ پاک فوج خود کو ملک میں قانون سے بالاتر سمجھتی ہے۔ انہوں نے اس طرز عمل کو قوم کے لئے انتہائی نقصان دہ اور تباہ کن قرار دیا۔

اہم خبریں سے مزید