کراچی (ٹی وی رپورٹ) عمران خان کے الزامات پر آئی ایس پی آر کے جواب پر جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ عمران خان کسی پر الزام لگائیں تو ثبوت دینا بھی ان کا فرض ہے.
عمران خان جیسے بڑے لیڈر پر حملہ ہونا بہت بڑا واقعہ ہے اس کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئے، عمران خان کی کریڈیبلٹی نہایت مشکوک ہے اس پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا.
عمران خان کے کان میں کوئی بات کہہ دیتا ہے یا کوئی چیز انہیں سیاسی طور پر سوٹ کررہی ہو تو وہ فوری طور پر ایک بیان جڑ دیتے ہیں۔
خصوصی نشریات میں سینئر تجزیہ کار شاہزیب خانزادہ اور منیب فاروق نے اظہارخیال کیا۔
شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے یہ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے، عمران خان خود پر قاتلانہ حملے کا کسی پر شک کرتے ہیں تو الزام لگانا اور تحقیقات کا مطالبہ کرنا ان کا حق ہے، عمران خان نے خود پر قاتلانہ حملے کا جب چند لوگوں پر الزام لگایا تو پنجاب میں انہی کی حکومت تھی، عمران خان کسی پر الزام لگائے تو ثبوت دینا بھی ان کا فرض ہے۔