اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کی سات رکنی ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی چیئرمین عمران خان کی محفوظ اور جلد رہائی کیلئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔شاہ محمود،فواد ،فرخ حبیب،اسد عمر،افتخار درانی کا ردعمل تھا کہ عمران خان کا اغوا اور تشدد ،وکلاء کوزخمی کرناقابل مذمت ہے، گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے اغوا اور ان پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین کی جانب سے فوری طور پر قائم کردہ سات رکنی ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جس میں عمران خان کی محفوظ اور جلد رہائی کو یقینی بنانے کے لئے جامع حکمت عملی تیارکرلی گئی۔ پارٹی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق منگل کو پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ’ہنگامی کمیٹی‘ کا اجلاس طلب کیا جس میں سینیٹر سیف اللہ خان نیازی، سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹر اعجاز چوہدری، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما مراد سعید، علی امین خان گنڈا پور اور حسان نیازی شامل تھے۔ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی جلد از جلد رہائی کو یقینی بنانے کے لئے ملک بھر میں پرامن لیکن بھرپوراحتجاج کرے گی۔