کراچی (نیوز ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیخلاف پنڈی اور لاہورمیں تحریک انصاف کے کارکنوں نے پرتشدد احتجاج کے دوران مظاہرین نے اہم سیکورٹی عمارتوں میں توڑ پھوڑ کی، سیکورٹی چوکی کو آگ لگا دی، گاڑیاں اور پولیس ویز کو بھی آگ لگا دی، مظاہرین نے ریڈ زون کی طرف جانے کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔مشتعل مظاہرین نے راولپنڈی میں ایک اہم سیکورٹی عمارت کی گیٹ کے باہر توڑ پھوڑ کی اور پھر گیٹ کو زبردستی کھول کر اندر داخل ہو گئے۔ مظاہرین نے مری روڈ پر واقع سکیورٹی چوکی کو بھی نذر آتش کر دیا۔ دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری کے خلاف لاہور میں بھی احتجاج کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں مظاہرین لاہور سیکورٹی عمارت پر دھاوا بول دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے یہاں موجود گاڑیوں کو آگ بھی لگادی۔ مظاہرین نے وہاں موجود چند پولیس وینز کو بھی آگ لگا دی۔پشاور میں مظاہرین نے خیبر روڈ پر ریڈ زون کی طرف جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے اور رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ مظاہرین نے خیبر روڈ پر چوک کے قریب ریڈیو پاکستان کی عمارت کے اندر چاغی پہاڑ کے ماڈل کو آگ لگا دی ہے۔