اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان کے دستور کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ عالمی کنونشن میں شرکت کیلئےآئےہوئےسعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ اورآذربائیجان کی ملی مجلس کے ڈپٹی اسپیکر عادل ابیش اوگلو علیئیف اورسری لنکا کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر ایچ ای اجیت راجا پاکسے نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقاتیں کیں جس میں دو طرفہ تعلقات ، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین سےبات چیت کرتےہوئےسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پارلیمانی رابطوں میں اضافہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔دریں اثناء آذربائیجان کی ملی مجلس کے ڈپٹی سپیکر سے ملاقات میں سپیکر نے کہا کہ ہمارے برادرانہ تعلقات بالخصوص پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے ذریعے پہلے سے موجود تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے۔