لندن (سعید نیازی) پاکستان کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن کی صورت میں چند روز پہلے تک میرا خیال تھا کہ پی ٹی آئی کی جیت ہوسکتی ہے لیکن حالیہ واقعات کے بعد علم نہیں کہ عوام کا ردعمل کیا ہوگا۔ وہ جمعرات کی شام یونیورسٹی آف لندن میں پاکستان کو درپیش معاشی بحران کی بنیادی وجوہ کے موضوع پر منعقد لیکچر کے موقع پر جنگ لندن سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ190ملین پاؤنڈ برطانیہ نے پاکستان کے حوالے کئے تھے اور عمران خان کابینہ کو بغیر کوئی تفصیل بتائے یہ رقم پراپرٹی ٹائیکونکو واپس کی ہے تو پھر انہیں اس بات کا جواب بھی دینا چاہئے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جو شخص تحقیقات میں تعاون کررہا ہو، اس کو جرم ثابت ہونے سے قبل کے پرتشدد جرائم میں ملوث نہ ہونے کی صورت میں گرفتار نہیں کرنا چاہئے لیکن پاکستان میں قانون کا استعمال اس طرح بھی کیا جاتا ہے۔ عمران خان نے بھی اسے استعمال کرتے ہوئے مجھے50 روز قید تنہائی میں رکھا اور تین ماہ اڈیالہ جیل میں رکھا گیا، بغیر کسی جرم کے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر میری پوزیشن اب بھی برقرار ہے۔ نوازشریف سے رابطے کے سوال پر انہوں نے نفی میں جواب دیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ چند ماہ پہلے ہوجانا چاہئے تھا اور حکومت نے چند وجوہ کے سبب تاخیر کی ہے۔ اب معاملہ کھٹائی میں اس لئے پڑگیا ہے کیونکہ آئی ایم ایف کی باہر سے 6 بلین ڈالر لانے کی شرط ابھی پوری نہیں ہوئی ہے،صرف چار بلین ڈالر جمع ہوئے ہیں اور شاید اب وہ بجٹ کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الیکشن سے قبل چار پانچ ماہ میں ملک کے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آتے کیونکہ جو مسائل ہمیں درپیش ہیں، اس سے نکالنے کے لئے اب ہمیں بنیادی اصلاحات اور تنظیم نو کی ضرورت ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ ایک دو برس سے قبل مسائل پر قابو پانا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت سے علیحدگی کے بعد میں نے اس کی پالیسیوں پر تنقید شروع کی ہے، میں نے حکومت میں ہوتے ہوئے پہلے دن سے کہتا تھا کہ پٹرول مہنگا کردو اور آئی ایم ایف کی بات ماننے پر بھی زور دیا تھا۔بلومز بری پاکستان کے نادر چیمہ کا کہنا تھا کہ لیکچر کے انعقاد کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کو سمجھ کر ان کا حل تلاش کیا جائے۔