• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ 9 مئی، حکومت، فوج یک آواز، عمران نے منصوبہ بندی کی، حملہ آوروں اور سہولت کاروں پر دہشت گردی کے مقدمات چلائے جائیں، وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ 9مئی کے حوالے سے حکومت اور فوج یک آواز ہوگئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ سانحہ کی منصوبہ بندی عمران نیازی نگرانی میں کی گئی، حملہ آوروں اور سہولت کاروں پر دہشت گردی کے مقدمات چلائے جائیں، کور کمانڈر ہاؤس کو مکمل طور پر راکھ میں تبدیل کر دیا گیا،شہیدوں اور غازیوں کی بے حرمتی کی گئی، وزیراعظم نے شرپسندوں کو 72گھنٹوں میں گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کیخلاف قانون کے مطابق کیسز درج کیے جائیں، عمران نیازی اور انکا جتھہ کسی طرح بھی دہشت گردوں اور پاکستان دشمنوں سے کم نہیں۔ پاکستان سیف سٹی اتھارٹی کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے کہا ہے کہ ان کیخلاف انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے، خانہ پوری ناقابل قبول، جینوئن لوگ گرفتار کیے جائیں، اپنوں نے دشمن بن کر پاکستان کے اداروں اور تنصیبات پر حملہ کیا، شہیدوں اور غازیوں کی بے حرمتی کی، وزیر قانون ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر نہ کریں ، جتنی بھی کورٹ چاہئیں ان کو مہیا کریں،مثال قائم کی جائے کہ قیامت تک کوئی پاکستان کے اداروں کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ 9 مئی کو جو پاکستان کی تاریخ کا بھیانک ترین اور دل خراش واقعہ ہوا، میں ابھی وہاں سے آ رہا ہوں، پولیس اور آرمی کے افسران جو زخمی ہوئے ہیں، اسپتال میں انکی تیمار داری کرکے یہاں پر آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس جو ایک تاریخی جناح ہاؤس ہے، اس کو آج دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید