اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ برطانیہ سے پاکستان کو منی لانڈرنگ کے معاملے میں ملنے والے 60ارب روپے میں سے51ارب روپے سپریم کورٹ کے پاس ہیں ،جو صورت حال بن گئی ہے اب کچے کے ڈاکوؤں کو بھی ریلیف کیلئے عدالت میں آ جانا چاہئے انہیں دیکھ کر بھی یقیناً عدالت خوشی کا اظہار کرے گی، عمران خان نے تمام شہروں میں دس سے بارہ مسلح افراد پر مشتمل گینگز بنا رکھے ہیں ان گینگز کے خلاف کسی قسم کی رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ہفتہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ آرمی چیف بھی دفاعی تنصیبات اور حساس عمارتوں پر حملوں میں ملوث شرپسندوں کیخلاف ازخود کارروائی کا اختیار رکھتے ہیں، غیرقانونی افغان مہاجرین کیخلاف آپریشن کلین اپ کی حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔ افغان باشندے بھی مظاہروں میں دیکھے گئے۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کو تربیت یافتہ دہشت گرد قرار دیتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں پچھلے ایک سال سے تربیت دی جارہی تھی۔