• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی، ذمہ دار کٹہرے میں لائیں گے، کسی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی نہیں کرنے دی جائے گی، آرمی چیف

راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ 9 مئی کے تاریک دن پر قوم کیلئے شرمندگی لانے والے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا، کسی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، شہداء ماتھے کا جھومر، پاک فوج اور پاکستانی عوام کیلئےفخر کا باعث ہیں، منظم منصوبہ بندی کے تحت پیش آنے والے المناک واقعات کو دہرانے اجازت نہیں دی جائیگی، جوان اندرونی و بیرونی چیلنجز، پروپیگنڈہ وار فیئر سے نمٹنے کیلئے تیاری پر توجہ دیں۔

 بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر پھول رکھے۔

آرمی چیف نے قوم کی عظمت، عزت اور وقار کیلئے شہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے واضح کیا کہ کسی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور شہدا مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستانی عوام کیلئے فخر کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی سے کیے گئے حالیہ المناک واقعات کی دوبارہ اجازت نہیں دی جائیگی، پاکستانی عوام کے دلوں میں شہداکا عظیم مقام ہمیشہ قائم رہے گا، شہدا افواج پاکستان کی رینک اینڈ فائل کیلئے فخر کا باعث ہیں۔

آرمی چیف نے کہاکہ 9 مئی کے تاریک دن پرقوم کیلئے شرمندگی لانے والے ذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

اہم خبریں سے مزید