اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ کےامورمیں بہتری کیلئے اصلاحات کی جارہی ہیں، "شیئرپاکستان پورٹل" کےذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر ہوگا اور عوامی و ادارہ جاتی سفارتکاری میں بہتری آئے گی۔ بدھ کو یہاں "شیئر پاکستان پورٹل" کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جب سے میں نے پاکستان کے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالا ہے، ہم نے محسوس کیا کہ ہماری انتظامیہ کو پیراڈائم شفٹ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتظامی اصلاحات کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کو مؤثر طریقے سے ادا کرنے کی وزارت کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے عزم کے طور پر ’وزیر خارجہ کی تبدیلی کے انتظامی اقدام‘ کا اشتراک کیا ہے۔ اس سلسلے میں، میں نے اپنے دفتر کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ امور اور بیرون ملک ہمارے مشنز کے تمام فنکشنز کے سلسلے کے ماہرین کی ایک ٹیم کو مختلف کاموں بشمول انسانی وسائل، مالیات، لاجسٹکس، کمیونیکیشن، قونصلر، پروٹوکول اینڈ کمیونٹی سروسز، ڈیجیٹلائزیشن ،قواعد، پالیسیاں اور طریقہ کار میں آسانی سے متعلق متعدد اصلاحات پر غور و فکر کرنے کے لیے مقرر کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے ʼچینج مینجمنٹ انیشی ایٹوʼ کا مقصد ورک کلچر کو ترقی دینا ہے جو نتائج اور بہتر پیداواری صلاحیت، جدت طرازی اور فیصلہ سازی کو کارکردگی کے قریب تر لانے پر زیادہ مرکوز ہے۔ ہماری افرادی قوت اور پاکستان کے قابل سفارت کار ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔