کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزاد ہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو ختم کرنے کا کوئی پلان نہیں ہے، نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے ٹھوس شواہد ہیں جناح ہاؤ س پر حملہ کرنے والوں کا زمان پارک سے رابطہ تھاسینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مشکل وقت کا آغاز ہوتے ہی ایک ایم این اے، ایک ٹکٹ ہولڈر ساتھ چھوڑ گئے، ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خا ن نے نو مئی کو اندوہناک اور سیاہ کام کیا، ہماری مسلح افواج کیخلاف کسی دشمن نے بھی ایسی توہین آمیز کارروائی نہیں کی، کرنل شیرخان کے مجسمے، شہداء یادگاروں اور جناح ہاؤس کی حرمت کو پامال کیا گیا، پی ٹی آئی لیڈرز نے کارکنوں کو کال دی جس کی جہاں ڈیوٹی ہے وہاں پہنچ جائے، اب یہ قوم کی نظروں میں دھول جھونکنے کیلئے جھوٹ بول رہے ہیں، عمران خان سے پوچھنا چاہتا ہوں کس این آر او کی بات کررہے ہیں، میں نے سوادو مہینے سزائے موت کی چکی میں کاٹے ہیں، ہائیکورٹ نے میرے خلاف کیس کو جھوٹ کا پلندہ کہہ کر تلف کردیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کو ختم کرنے کا کوئی پلان نہیں ہے، پاکستان کے شہداء کسی بھی سیاست سے بالاتر ہیں، پاکستان کے دشمن عمران خان کے ذریعہ ہر ادارے کو متنازع بنارہے ہیں، عمران خان نے عدلیہ کو تقسیم کردیا ہے، عمران خان کا سوشل میڈیا فوج میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے، نو مئی کے واقعات نے فوج کے مورال پر اثر ڈالا ہے، اس پر معاشرے میں ہی نہیں ادارے میں بھی سخت ردعمل ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان قوم، افواج اور شہیدوں کے خاندانوں سے معافی مانگیں جن کی پی ٹی آئی کارکنوں نے ان کی ایماء پر توہین کی ہے، عمران خان اپنی غلطی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معافی مانگیں اس کے بعد ہی ان سے بات ہونی چاہئے۔نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے، عمران خان لوگوں کو اشتعال دلانے کیلئے جھوٹے دعوے کررہے ہیں، چوبیس گھنٹے پورے ہونے دیں پھر ہماری حکمت عملی سامنے آجائے گی، چوبیس گھنٹے کل دوپہر دو بجے پورے ہوں گے، کل دن دو بجے سے پہلے کوئی ایکشن نہیں ہوگا، میں نے آپریشن کا نہیں کہا ہے، جیوفینسنگ اور انٹیلی جنس ذرائع سے ٹھوس معلومات ملی ہیں، یہاں دہشتگرد قرار دیئے گئے 20سے 40لوگ وہاں ہیں، یہ لوگ9مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں میں شامل تھے، چوبیس گھنٹے پورے ہونے پر حکمت عملی کے تحت اقدام کیا جائے گا،ہوسکتا ہے عمران خان ان افراد کوا دھر ادھر کردیں، ہمارا مقصد ہے کہ جن لوگوں نے پناہ لی ہے وہ یہاں سے نکلیں، یہ لوگ وہاں سے نکلیں گے تو پکڑے جائیں گے۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر کی وردی لہرانے والا بھی زمان پارک میں چھپا ہوا ہے، اطلاع ہے ان کا بھانجا بھی وہاں موجود ہے، ٹھوس شواہد ہیں جناح ہاؤ س پر حملہ کرنے والوں کا زمان پارک سے رابطہ تھا۔