• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے بجلی کی فراہمی شروع، شہباز شریف اور صدر ابراہیم رئیسی نے پاک ایران بارڈر مارکیٹ اور بجلی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کردیا

اسلام آباد/ کوئٹہ(نیوز ایجنسیز / جنگ نیوز) ایران سے بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی ، وزیراعظم اور ایرانی صدر نے پاک ایران بارڈرمارکیٹ اور 100میگاواٹ گبد ۔

 پولان بجلی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کردیا ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دیں گے.

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری اسمبلی کی مدت 16اگست کو ختم ہورہی ہے، اس سے پہلے آپ دورے پر آئیں ، ایرانی صدر نے دورے کی دعوت قبول کرلی اس موقع پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ بجلی منصوبے سے دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بجلی اور پٹرولیم کے شعبو ں میں بے پناہ گنجائش موجود ہے، 100میگاواٹ گبد ۔

پولان بجلی ترسیلی منصوبہ پاک ایران تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہے، دونوں ممالک کے عوام اور قیادت کو مل کر دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کیلئے انقلاب لانا ہوگا، یہ مشکل کام نہیں،بارڈر سیکورٹی میکنزم کو مزید مربوط بنایا جائے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں دراڑ ڈالنے والوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے.

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایران اور پاکستان دو برادر ملک ہیں جو اسلام، محبت، اخوت اور ثقافتی رشتوں سے نہ صرف جڑے ہوئے ہیں بلکہ ہماری تاریخ صدیوں پر محیط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے آج ہمارا پرتپاک استقبال کیا گیا جس پر میں ایران کے صدر کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج دونوں ممالک نے پشین مند بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کیا، اس طرح کی چھ مزید مارکیٹیں بنائی جائیں گی اور اس نظام سے نہ صرف خطے میں خوشحالی آئے گی بلکہ ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی روابط اور ترقی و خوشحالی کا سنگ میل ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے 100میگاواٹ کی ٹرانسمیشن لائن کا بھی افتتاح کیا ہے جس سے گوادر کے شہری مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ منصوبہ کئی سالوں سے التواءکا شکار تھا اور یہ تاخیر ایران کی طرف سے نہیں بلکہ پاکستان کی طرف سے تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بجلی اور پٹرولیم کے شعبوں میں بے پناہ گنجائش موجود ہے، اس حوالے سے ایران کے صدر سے ساتھ تفصیل سے گفتگو ہوئی ہے، مجھے پوری امید ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اس ضمن میں پیشرفت کی جائے گی۔ ہم اس میں آنے والی مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ایران کے صدر کے ساتھ شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر بھی بات ہوئی جس پر ایران کے صدر نے اتفاق کیا۔

اہم خبریں سے مزید