اسلام آباد (فاروق اقدس/تجزیاتی رپورٹ) عمران خان کا نام لینے کی بجائے ’’کوڈ ورڈ‘‘ کااستعمال ،اہم رہنما محتاط ہوگئے، رہنما ایک دوسرے کوتاکیدکررہے ہیں فون پر بات کرنے سے گریز کریں’’ وٹس ایپ محفوظ‘‘ ہے .
رہائی کے بعدشاہ محمود قریشی کے ’’سیاسی کردار ‘‘کے بارے میں ’’قیاس آرائیاں اور چہ میگوئیاں شروع ، سانحہ 9مئی کو ابھی محض دس دن ہوئے ہیں اور27 سال سے سیاسی جدوجہد کرنے کا دعویٰ کرنے والے عمران خان کی سیاسی پارٹی گوکہ ابھی انتشار کا شکار نہیں ہوئی لیکن اس کے آثار تیزی سے نظر آنے شروع ہوگئے ہیں، کچھ رہنما ’’انتظار کرو اور دیکھو‘‘ کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں جبکہ اس کے باوجود بڑی تعداد میں ارکان تحریک انصاف اور عمران خان سے لاتعلقی اختیار کر رہے ہیں.
اطلاعات کے مطابق کچھ بڑے رہنماؤں نے آپس میں طے کیا ہے کہ ذرا صورتحال کو معمول پر آنے دیں، سامنے آجائیں گے۔
آپس میں مشورے ہو رہے ہیں تاہم تاکید کی جارہی ہے کہ فون پر بات کرنے سے گریز کریں ’’واٹس ایپ‘‘ محفوظ ہے۔ عمران خان کا نام لینے کی بجائے ’’کوڈ ورڈ‘‘ استعمال کیا جارہا ہے۔