کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی ہی پارٹی کو حادثے سے دوچار کردیا ہے، وہ گاڑی جو اس ملک وقوم پر چڑھانا چاہتا تھا اپنی پارٹی پر چڑھادی ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 9مئی کے واقعات سے پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا لگا ہے،سینئر تجزیہ کار اطہر کاظمی نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈرز کو ضمانت ملنے کے باوجود دوبارہ گرفتار کرلیا جاتا ہے،سینئر تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بننے والی غلیلیں لاہور کیسے پہنچیں۔وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی بھرپور مدد و معاونت کا اعادہ کیا ہے، سعودی نائب وزیرداخلہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے پاکستان آئے ہیں، انہوں نے پاکستان کی سیاست سے متعلق کوئی گفتگو نہیں کی ہے، عمران خان دس سال سے اس ملک میں فتنہ اور انارکی پھیلانے کیلئے محنت کررہا ہے، اقتدار سے نکلنے کے بعد پچھلے ایک سال میں عمران خان نے باقاعدہ جتھہ بندی کر کے لوگوں کی ذہن سازی کی اور انہیں باقاعدہ ٹارگٹس سونپے گئے، تحقیقات کے مطابق انسداد دہشتگردی ایکٹ یا آرمی ایکٹ جو لاگو ہوگا اس کے مطابق انہیں ٹرائل کا سامنا کرنا ہوگا۔