اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان سٹیل ملز اور پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ہائی برڈ جنگ چھڑ چکی‘ سی پیک‘ پاک ایران گیس پراجیکٹ نشانے پر،سویلین اگر فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہو تو آرمی ایکٹ لگانا ہو گا،قومی عسکری تنصیبات اور املاک کو تباہ کرنا ناقابل معافی جرم ہے.
پاکستان چار اکائیوں (صوبوں) پر مشتمل ہے۔ اسکے قومی اتحاد کیلئے دو عنصر بہت اہم ہیں۔ پہلا ہماری اسلامی سوچ اور ایمان جس نے ہمیں اکٹھے باندھ کر رکھا ہوا ہے‘ دوسرا ہماری قومی سوچ جس نے ہر صوبے کی آبادی کے حساب سے شمولیت ہے۔
اسلامی سوچ اور ہمارے ایمان پر کوئی شق نہیں پھر بھی فرقہ واریت کو ہوا دینے والے ملک میں دراڑیں ڈال سکتے ہیں۔
دوسرا چونکہ ہمارے دشمنوں کو افواج پاکستان چونکہ 24کروڑ عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے اسلئے ان کو اپنی قوم کی نظروں میں گرانے سے پاکستان کی قومی سلامتی پر زبردست چوٹ لگائی جا سکتی ہے۔
چونکہ افواج پاکستان کی اصل طاقت ہتھیار نہیں بلکہ عوام کی پذیرائی اور دعائیں ہیں اسلئے ہمارے کچھ عاقبت نااندیش سیاستدانوں نے ملکی افواج کیخلاف کچھ عرصے سے اپنے ذاتی سیاسی مفادات کیلئے زہر آلود پراپیگنڈہ کرنا شروع کیا اور وہ اپنے ان مذموم عزائم میں مٹھی بھر گمراہ نوجوانوں اور کچھ نام نہاد تعلیم یافتہ لوگوں کو ساتھ ملانے میں کامیاب ہوئے۔ اسکے نتیجہ میں 9مئی 2023ء کو فوجی تنصیبات پر شرمناک حملے کئے گئے۔