لاہور ( ایجنسیاں/جنگ نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس حملے سے ملک کی بدنامی ہوئی،مذمت کرتا ہوں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا ، 7ہزار لوگوں کوگرفتار کرکے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ،گزشتہ 35برسوں میں ایسا ریاستی ظلم نہیں دیکھا، صرف عدلیہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کر رہی ہے‘ کسی کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،آخری گیند تک لڑنے والا کپتان ہوں، آخری گیند تک لڑوں گا ‘ہم بھیڑ بکریاں نہیں انسان ہیں‘خالق کائنات کے سوا کسی کے سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے‘ حکومت ہمیں ثبوت دکھائے تو ہم خود ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کردیں گے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جناح ہاؤس حملے کی مذمت کرتا ہوں،پہلے بھی کی اور ہرپاکستانی مذمت کررہا ہے۔ میڈیا کو اپنا گھر کھول کردکھا دیا۔ دہشت گردوں کے ٹھہرنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ۔ جس جماعت کاووٹ بینک ہو اسے ہرایا نہیں جاسکتا۔ یکطرفہ مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں تحریک انصاف کو بالکل کرش کردیاجائےاور جو خود کو امام خمینی کہہ رہا ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا ڈاکو ہے اور مفرور، وہ پھر پاکستان آکر الیکشن لڑے ۔علاوہ ازیں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ انہوں نے 8 رہنماؤں اور چالیس لوگوں کی فہرست دی اور اُن کی حوالگی کا مطالبہ کیا‘اگر نو مئی کے دن جلاؤ گھیراؤ میں پارٹی کے لوگ ملوث ہوئے تو ان کو پکڑوانے میں مدد کریں گے لیکن ہمیں شواہد دکھائے جائیں۔