لاہور،سیالکوٹ(نمائندگان جنگ، مانیٹرنگ سیل، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس پر حملے کے ماسٹر مائند عمران خان ہیں، 9 مئی کے منصوبہ ساز، توڑ پھوڑ کرنے والے قانون کے آہنی ہاتھوں سے بچ نہیں سکیں گے.
سویلین مقامات پر حملہ کرنے والوں کے مقدمات ATC (انسداد دہشت گردی ایکٹ ) اور عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے مقدمات فوجی عدالت میں چلیں گے، کالعدم ٹی ٹی پی نے قائد اعظم ہاؤس زیارت جلایا، عمران نیازی نے بھی یہی کیا، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں، مہنگائی میں غریب کو بڑے ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں.
کابینہ نے کمیشن آف انکوائریز ایکٹ 2017 ء کے تحت آڈیو لیکس کمیشن قائم کیا، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائیگا.
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دفاعی عمارتوں پر حملہ کرنے والوں کیساتھ دشمنوں جیسا سلوک ہو گا، نئی فوجی عدالتیں نہیں بنیں گی، جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ9مئی واقعات نائن الیون کی طرح انتہائی سنگین اور ناقابل معافی ہیں، بلوائیوں کیخلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائیگی، انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت لاہور میں منعقدہ اجلاس میںقومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا عمران نیازی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا،قوم اور اداروں میں دراڑیں ڈالنے والے وطن کے خیر خواہ نہیں،عمران نیازی اور اسکے جتھوں نے لاہور میں قائد اعظم ہاؤس کو جلایا جو کہ کمانڈر ہاؤس بن چکا ہے.
9مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس دن پاکستانیت کے لبادے میں دہشتگردی کی گئی، عمران نیازی کے حکم پر ان کے جتھوں نے ملک دشمنی کی اور بدقسمتی سے وہ کام کر دکھایا جو 75 برس میں دشمن نہ کر سکا،کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا تھا، اس ملک کی بدقسمتی دیکھیں کہ ان ’پاکستانی نما دشمنوں‘ نے بھی جی ایچ کیو پر حملہ کیا، ریڈیو پاکستان کو جلادیا، ایف سی اسکول میں توڑ پھوڑ کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ9مئی کو بے شمار ایسے ہولناک واقعات ہوئے جو ہمیشہ کیلئے پوری قوم کو ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے، لہٰذا یہ طے ہوا تھا کہ کسی شخص کو، چاہے وہ منصوبہ بندی میں شامل ہے، اکسانے میں شامل ہے، چاہے اس نے غلیظ گالیاں دیں اور نعرے لگوائے اور چاہے وہ توڑ پھوڑ میں شامل تھا، کوئی بھی قانون کے آہنی ہاتھوں سے بچ نہیں سکتا،وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بات کوئی مذاق نہیں کہ دہشت گرد کراچی میں ایئرفورس کی تنصیبات پر حملہ کریں اور اربوں روپے کے املاک کو نقصان پہنچائیں اور عمران نیازی کے جتھے میانوالی میں پہنچ جائیں اور دشمن کیخلاف استعمال کرنے کیلئے قوم کی خون پسینے کی کمائی سے خریدے گئے ہوائی جہازوں کو آگ لگانے کی منحوس کوشش کریں،اس کیلئے ہم نے باقاعدہ فیصلہ کیا تھا، پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں بھی کچھ واقعات ہوئے، آج اکٹھے ہونے کا مقصد اس پر کی گئی پیش رفت کا جائزہ لینا ہے، ہم نے پنجاب کی نگران حکومت کو گزارش کی تھی کہ اس معاملے میں ذمہ داریاں ادا کریں۔