تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز)امریکا کیساتھ بحری کشیدگی کے پیش نظر ایران نے خلیجی تعاون کونسل کے رکن عرب ممالک کیساتھ مل کر خلیجی پانیوں کی سلامتی یقینی بنانے کا اعلان کردیا ہے ، ایران نے اتوار کے روز کہا ہے کہ یہ ممکن ہے کہ پڑوسی ممالک کیساتھ مل کر خلیجی پانیوں کی سلامتی یقینی بنائے جاسکے، یہ بیان امریکا کیساتھ بحری کشیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باغیری نے کہا کہ ایران اور خلیج فارس کے جنوب میں واقع ممالک خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحر اومان کے سلامتی یقینی بنانے کے قابل ہیں۔ وہ تضویراتی اہمیت کے حامل آبنائے ہرمز کے قریب 8 ماہ سے جاری نیوی گیشن مشن کے اختتام پر منعقد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی پاسدارن انقلاب کے ریئر ایڈمرل عباس غلام شاہی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس سے گزرنے والے ہر جہاز پر ایران کا مکمل کنٹرول ہے۔