• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی اصل دہشت گرد، چین، سعودیہ، ترکی کو سرینگر نہ جانے پر سرخ سلام، بلاول بھٹو

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک سال کے دوران ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز مؤثر طور پر بلند کی ہے، کشمیری عوام کے ساتھ نسلوں کا تعلق اور ساتھ ہے، میں اپنے خاندان کی تیسری نسل ہوں جو کشمیریوں کی نمائندگی کر رہا ہوں.

بھارت سمجھتا ہے کہ ہم کشمیریوں کو بھول جائیں گے، ہم شہداء کے وارث ہیں، کشمیریوں کو حق رائے دہی ملے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا،سری نگر میں بھارت کی جانب سے جی-20 کانفرنس کے خلاف احتجاج کے دوران میں صرف پاکستان کا وزیر خارجہ نہیں بلکہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا بھی وزیر خارجہ ہوں۔

 باغ آزاد کشمیرمیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا مودی اصل دہشتگرد ہے،چین، سعودیہ، ترکی کو سرینگر نہ جانے پر سرخ سلام، ان ممالک کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اصولی مؤقف اپنا کر سری نگر کے متنازع علاقے میں جی۔20 سیاحت کانفرنس میں شرکت نہیں کی، چین، ترکیہ اور سعودی عرب کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے مودی کی دعوت مسترد کر دی۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں جو ممالک شرکت کر رہے ہیں انہوں نے کم سطح کے نمائندے بھیجے ہیں اور وہ احتجاجاً اس میں شریک ہوئے ہیں، اس کانفرنس کے انعقاد کے ذریعے بھارت کا مقصد پورا نہیں ہوا، وہ دنیا کو یہ دکھانا چاہتا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں تاہم ناکام کانفرنس سے ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔

اہم خبریں سے مزید