اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے اختیارات کے غلط استعمال کے ملزم کا 48ہزار 674روپے کا بینک کھاتہ منجمد کرنے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران آبزرویشن دی ہے کہ یہ کیسا مذاق ہے نیب اس وقت خود اختیار کا غلط استعمال کر رہا ہے،چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک اختیار مل گیا جسے نیب ہر جگہ استعمال کررہا ، صرف 48ہزار کے پیچھے پڑا ہے ،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ملزم ندیم حمید شیخ کابینک اکاؤنٹ فریز کروانے کی نیب کی درخواست پر سماعت کی توچیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ملزم کے اکاؤنٹ میں کتنی رقم ہے جو فریزکرنی ہے، نیب کے وکیل نے بتایا کہ 48ہزار 674روپے کے بنک اکاونٹ کے فریزنگ آرڈر درکار ہے، اس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا مذاق ہے نیب اسوقت خود اختیار کا غلط استعمال کر رہا ہے۔