بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری سے وابستہ ایک اور اداکار و پروڈیوسر نتیش پانڈے بھی 51 سال کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 3 دنوں میں اداکارہ ویبھاوی اپادھیائے اور ادتیا سنگھ راجپوت کے بعد اب 51 سالہ اداکار نتیش پانڈے بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔
ان کی موت ممبئی سے کچھ فاصلے پر واقع شہر اگت پوری میں گزشتہ رات گئے دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔ دل کا دورہ اتنا شدید تھا کہ وہ جانبر نہ ہوسکے اور دنیا چھوڑ گئے۔
اداکار کی موت کی تصدیق ان کے قریبی رشتے دار اور پروڈیوسر سدھارتھ نگر نے کی، انہوں نے بتایا کہ نتیش کی آخری رسومات بدھ کی شام ادا کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ نتیش پانڈے گزشتہ 25 برسوں سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں انہوں نے 1990 میں تھیٹر سے کام کا آغاز کیا اور 1995 میں ڈرامہ سیریل تیجس میں ایک جاسوس کے کردار سے انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔
انہوں نے بھارت کی مشہور ٹی وی سیریل ’انوپما‘ میں دھیرج کمار کا کردار ادا کیا، وہ کئی سُپر ہٹ ڈراموں کے علاوہ کئی فلموں کا بھی حصہ رہے۔
اس کے ساتھ وہ ڈریم کیسل پروڈکشن ہاؤس کے سربراہ بھی تھے۔
انہوں نے اداکارہ اشونی کالسیکر سے 1998 میں شادی کی تھی جو 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی بعدازاں 2003 میں اداکارہ ارپیتا پانڈے سے شادی کی۔
نتیش پانڈے کی یوں اچانک موت پر ساتھی اداکار غم سے نڈھال ہیں اور سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار نتیش پانڈے انتہائی مزاحیہ طبیعت اور زندہ دل انسان تھے۔