• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی قوم شہداء کی قربانیوں کو کم تر کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتی، کمیونٹی شخصیات

ہڈرزفیلڈ (زاہد انور مرزا) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنما اورفوکل پرسن اوورسیز پاکستانیز آصف نسیم راٹھور، علامہ قاری محمد عباس صدر مذہبی اُمور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ نے یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے ہیروز، مجاہدوں، غازیوں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو کم تر کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دے سکتی، انہوں نے کہا پاکستان کی افواج سرحدوں کی محافظ اور قوم کا فخر و افتخار ہیں، ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ علاوہ ازیں سر پرست اعلیٰ جمعیت علماء برطانیہ مولانا عبد الرشید ربانی، مرکزی صدر جمعیت علماء برطانیہ مولانا محمد بلال، چیئرمین ختم نبوت ایجوکیشن سنٹر برمنگھم علامہ صاحبزادہ امداد الحسن نعمانی، نائب امیر اوّل مرکزی جمعیت علماء برطانیہ مولانا منور احمد محمودی، نائب امیر دوم مرکزی جمعیت علماء برطانیہ مولانا عبدالرزاق رحیمی، امیر جمعیت علماء برطانیہ مولانا سید اسد میاں شیرازی، سیکرٹری جنرل جمعیت علماء برطانیہ مولانا محمد اکرم اکاڑوی، ناظم اعلیٰ سواداعظم اہل سُنت و الجماعت برطانیہ ‎مولانا قاری عبد الرشید، مولانا سید غضنفر ا لرحمٰن شاہ نائب سیکرٹری مرکزی جمعیت علماء برطانیہ، نائب امیر دوم مرکزی جمعیت علماء برطانیہ، رہنما مرکزی جمعیت علماء برطانیہ مولانا محمد قاسم برمنگھم، مولانا مطیعُ الرحمٰن سیکرٹری جنرل ختم نبوت فورم یورپ، مفتی فیض الرحمٰن ،مولانا نصیب الرحمٰن علوی خطیب جامع مسجد عمر ہڈرزفیلڈ، مولانا شفیق الرحمٰن اولڈہم، مولانا شمس الرحمٰن اولڈہم، حافظ عثمان سہیل ہڈرزفیلڈ، صاحبزادہ مولانا عادل فاروق اولڈہم، مولانا رضاءالحق چیئرمین جامعہ الہدیٰ نوٹنگھم، مولانا محمد ابراہیم خطیب مدنی مسجد بریڈفورڈ مولانا محمد امین پنڈور باٹلی و دیگر علماء کرام نے یوم تکریم شہدائے پاکستان اور 9مئی کے واقعہ کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ وطنِ عزیز پاکستان میں امن و امان کیلئے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دی جانے والی افواج پاکستان کی بے شمار قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں جا سکتا بلکہ افواجِ پاکستان، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کا پاکستان کی خدمت کیلئے ناقابلِ فراموش کردار ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ان کی قابل رشک اور بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ’’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘‘ منانے کا فیصلہ احسن اور لائق تحسین اقدام ہے، عمران نیازی کی گرفتاری کے موقع پر 9مئی کو ملک دشمن عناصر نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے دوران حساس عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے جناح ہاؤس، ریڈیو پاکستان پشاور اور پولیس و رینجر کی گاڑیوں پر حملے، آتشزدگی سمیت شہداء کی نشانیوں کی بے حرمتی اور بے دردی سے ملک کی املاک کو نذرآتش کیا اور ناقابل معافی راستہ اپنایا جس کو دیکھ کر درد دل رکھنے والا ہر پاکستانی خون کے آنسو رو رہا ہے، اس نقصان کا ازالہ ناممکن ہے، علماء کرام نے مزید کہا ہے کہ9مئی کو ریڈ لائن کراس کرتے ہوئے شرپسند عناصر نے وہ کچھ کیا جو ازلی دشمن بھی نہ کر سکا، غازیوں اور شہیدوں کی روحوں کو تڑپا دیا گیا، وطن عزیزکی حفاظت کرنے اور قربان ہونے والے شہیدوں کے مجسموں کی جس سفاکی سے بے حرمتی اور توہین کی گئی ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا چشم فلک نے ایسے دلخراش مناظر کبھی نہیں دیکھے، علماء کرام نے کہا کہ9مئی2023ء کو سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انہوں نے واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے اور ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا اور 9مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں پرزور مذمت کی۔ علمائے کرام نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور توانائیاں افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے، ہماری افواج اور شہداء پاکستان ہمارا فخر و افتخار اور سروں کے تاج ہیں۔

یورپ سے سے مزید