لاہور،اسلام آباد(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز ) ابرارلحق ،فردوس عاشق ،سیف اللہ نیازی ،مراد راس سمیت مزید متعدد رہنماء PTI سے الگ ہو گئے ،تحریک انصاف کے رہنما و معروف گلوکار ابرارالحق نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ عمران نے فوج پر حملہ کرایا، ندامت ہےعمران خان کیساتھ کھڑا رہا،انکے مشیر حالات یہاں تک لے آئے،ڈاکٹرمراد راس علیحدگی کےاعلان پر آبدیدہ ہوگئے،فیصل آباد کے سابق ایم این اے خرم شہزاد ، سابق کے پی مشیر قاسم خان ،سابق رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری بھی پارٹی چھوڑنیوالوں میں شامل ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری نے پارٹی چھوڑ دی ہےتحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتا ہوں، پاکستان کی بنیاد پاکستان آرمی ہے، میں پارٹی پوزیشن اور پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔واضح رہے کہ عباس جعفری پی ایس 125 سے رکنِ اسمبلی سے منتخب ہوئے تھے۔تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کی طرح پی ٹی آئی کی ایم پی اے رابعہ اظفر نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔سماجی رابطہ کی ایپ ٹوئیٹر اپنے بیان میں پی ٹی آئی کی ایم پی اے رابعہ اظفر نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے مستعفی ہوتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہوں، میں ایک تعمیری مقصد کے تحت سیاست میں آئی تھی۔رابعہ اظفر نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی تحفظ کی ضامن ہیں، اپنے بچوں کو سیاسی ایڈونچر کے رسک پر نہیں ڈال سکتی۔