اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، جن کی حکمران اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی کوششیں عمران خان کی وجہ سے ناکام ہو گئیں، نے دوبارہ مذاکرات کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
جمعرات کی شام پارلیمنٹ ہاؤس میں سینئر صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے بطور سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے کام کرنے پر بھی سوال اٹھادیا۔
اس سے قبل بلاول نے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی جہاں انہوں نے بھارتی شہر گوا میں ایس سی او کے وزرائے خارجہ اجلاس اور مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی ممالک کے اجلاس کے بارے میں ممبران کو آگاہ کیا جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
بلاول بھٹو نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان نے نئی دہلی میں جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونے والے ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے۔