کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کو بھی شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے،ملک کو وزیراعظم سےبہت امیدیں وابستہ ہیں، کراچی ملکی معیشت کا حب ہے، اس پر توجہ سے قوم کو پاؤں پر کھڑا کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں کے فور منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،وفاقی وزراء فیصل سبز واری، خورشید شاہ بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف اسی طرح کراچی آتے رہیں۔پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو اندازہ ہی نہیں سیلاب سے کیا تباہی ہوئی، مون سون سے کراچی کے انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان اور سندھ کے عوام کیلئے ڈی سیلینیشن کا نظام لانا ہوگا، شہبازشریف ہمارے وزیراعظم ہیں،آپ ہی ملک کے مسائل حل کرینگے۔بلاول بھٹو زراری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کی کارکردگی کی وجہ سے ایک سال میں زمین آسمان کا فرق آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پر توجہ دیں تو آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی ہیں ۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ شرجیل میمن نے 2 سال جیل میں گزارے تھے، جس وقت پی پی رہنما گرفتار تھے تو چیف جسٹس گڈ ٹو سی کہنے جیل تک آجاتے تھے۔ان کاکہنا تھاکہ پوچھتا ہوں اگر9مئی کی سازش نائن زیرویابلاول ہاؤس میں تیارہوتی توکیاردعمل ہوتا؟بلاول بھٹو زرداری نے مزیدکہا کہ ہم نہیں چاہتے مخالف یہ دن دیکھیں مگر اس سے پہلے9مئی جیسے واقعات نہیں دیکھے۔