• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آڈیو لیکس کے معاملے پر حکومت سرخرو ٹھہری، رانا ثناء اللّٰہ

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘میں آڈیو لیکس پر حکومتی کمیشن معطل کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت اس معاملہ پر سرخرو ٹھہری ہے، حکومت پر ججوں سے متعلق آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے سول سوسائٹی اور بارز کی طرف سے دباؤ تھا،پی ٹی آئی کے رہنما ماہر قانون حامد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آڈیو لیکس کمیشن کو کام کرنے سے روکنے کا فیصلہ درست ہے، حکومت چیف جسٹس سے مشاورت کے بعد ہی ججوں پر مشتمل کمیشن بناسکتی ہے، عمران خان سمیت پی ٹی آئی لیڈرز اورکارکنوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کرنا غلط ہے۔وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے پیچھے عمران خان ہے،نو مئی کو دفاعی تنصیبات میں گھس کر جلاؤ گھیراؤ کیا گیا اگر یہ حملہ نہیں تو کیا ہوتا ہے، دفاعی تنصیبات میں گھس کر نقصان پہنچانا مسلح بغاوت ہے اور فوج پر حملے کے مترادف ہے، عمر ان خان نے لوگوں کے ذہنوں میں یہ نفرت اور بغاوت بھری ہے، عمران خان نے پچھلے گیار ہ سال قوم کو گمراہ کرنے اور فوج کیخلاف ابھارنے کیلئے بہت محنت کی ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھاکہ نومبر کا لانگ مارچ ان تاریخوں میں دارالحکومت پہنچا جب نئے آرمی چیف کی تقرری ہونی تھی، ایسی چیزیں سامنے آئی تھیں کہ عمران خان نے موجودہ آرمی چیف کی تقرری روکنے کیلئے پلاننگ کی ہوئی تھی، اس وقت معاملات کو سنبھالا نہ جاتا تو بغاوت کی صورت بھی پیدا ہوسکتی تھی، باضابطہ انکوائری کے بغیر کسی کی نشاندہی کرنے سے قاصر ہوں، اس سازش میں ملوث دیگر لوگوں کا بھی نام آتا رہا ہے لیکن مہرہ عمران خان تھا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فوج کے ادارے کا مثالی ڈسپلن اس کی طاقت ہے،9 مئی کے واقعات سے متعلق عمران خان کی تقاریر اور ٹوئٹس موجود ہیں، یہ پہلے سے طے تھا کہ مظاہرے جی ایچ کیو ، کور کمانڈرز کے گھروں اور آئی ایس آئی کے دفاتر کے باہر ہوگا، زیرتفتیش لوگ بتارہے ہیں کس طرح انہیں پٹرول بم بنانے کی تربیت دی گئی اور غلیلوں کا استعمال سکھایا گیا، عمران خان پچاس پچاس کے جتھوں سے خود مل کر انہیں دفاعی تنصیبات پر حملے کیلئے ابھارتا رہا، عمران خان نے منظم سازش کے تحت لوگوں کی ذہن سازی کی تھی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فیاض الحسن چوہان نے صرف پارٹی نہیں چھوڑی دو سال کی چارج شیٹ پیش کی ہے، یہ اندازہ ضرور تھا کہ پی ٹی آئی والے کنٹونمنٹس علاقوں میں احتجاج کریں گے لیکن یہ گھروں میں گھس کر آگ لگائیں گے یا رجمنٹس کے ہیڈکوارٹرزپر حملہ آور ہوں گے اس حد تک اندازہ نہیں تھا۔
اہم خبریں سے مزید