• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے امریکا کی ریٹنگ میں کمی کا اعلان کر دیا

کراچی (نیوز ڈیسک) چین کی انٹرنیشنل کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی چینگ شن (سی سی ایس آئی) نے امریکا کیلئے اپنے خودمختار کریڈٹ اسکور میں ایک پوائنٹ کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح یہ انٹرنیشنل کمپنی امریکی ریٹنگ کے حوالے سے اقدام کرنے والا پہلا ادارہ بن گئی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ چین کی یہ کمپنی امریکا کی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی پارٹنر کمپنی ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق، چائنیز کمپنی نے امریکا کی کریڈٹ ریٹنگ کو AAAg سے AAg+ تک کم کر دیا جبکہ معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چائنیز ریٹنگ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا میں حکمران اور اپوزیشن جماعتوں (ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز) کے درمیان سیاسی تقسیم کی شدت نے ڈیٹ سیلنگ (قرض کی بالائی حد) کے مسئلے میں شدت پیدا کر دی ہے۔، اگر اتفاق رائے ہو بھی جائے تو حادثے سے قبل خطرے کی لکیر تک پہنچ کر حفاظتی اقدام کرنے کی پالیسی (Brinkmanship) غیر یقینی صورتحال پیدا کر دے گی اور معاشی اعتماد کو نقصان پہنچائے گی، جس سے امریکی سیاست اور معیشت میں مزید اتار چڑھاؤ پیدا ہو سکتا ہے۔ چائنیز ایجنسی کے مطابق، یہ مسئلہ امریکا کے مرکزی بینک کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے پیچیدہ ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ امریکا کے مرکزی بینک نے گزشتہ چند مہینوں میں کئی بار کلیدی شرح سود میں اضافہ کیا ہے، جس سے کئی مالیاتی اداروں کے اثاثوں کی قدر میں کمی کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔ یاد رہے کہ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ نے پہلے ہی امریکا کی ریٹنگ کو ممکنہ تنزلی کیلئے نظرثانی پر رکھا ہوا ہے، اور ساتھ ہی متنبہ کیا تھا کہ چند دنوں میں اپنے بلوں کی ادائیگی میں ناکامی کی وجہ سے امریکا جلد ہی اپنا AAA اسکور کھو سکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید