کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو پروگرام’’ آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سابق رہنما اور صوبائی وزیر مرادراس نے کہا ہے کہ ایڈوائزرہمیشہ غلط مشورے خان صاحب کودیتے رہے اسمبلیاں تحلیل کردیں، احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکلیں اورپھر9مئی کاواقعہ تو انتہا تھی ، مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہاکہ کسی بھی سیاسی جماعت کوختم کرنے کی حمایت نہیں کی جانی چاہئے، سینئر تجزیہ کارمنصورعلی خان نے کہاکہ اگرکوئی یہ سمجھتاہے کہ پاکستا ن تحریک انصاف ختم ہوگئی ہے تو ایسا بالکل نہیں ہے،ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں 10خواتین نو مئی کے واقعات کے حوالے سے بند ہیں، ان میں 9خواتین آئی ڈی پریڈ کیلئے بند ہیں جبکہ ایک ڈاکٹر یاسمین راشد جوڈیشل ہوچکی ہیں، ہم نے آج وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر کوٹ لکھپت جیل جاکر قید خواتین سے فرداً فرداً بات کی ہے، کسی بھی خاتون کی طرف سے ہراسا ں کرنے کی شکایت سامنے نہیں آئی، کوٹ لکھپت جیل میں خواتین کے حصے میں تمام اسٹاف خواتین پر مشتمل ہے، خواتین قیدیوں کو ملاقات کیلئے لے جانے والا اسٹاف بھی خواتین پر مشتمل ہوتا ہے۔تحریک انصاف کے سابق رہنما اور صوبائی وزیر مرادراس نے کہاکہ ہمارا موقف شروع سے ہی یہ رہاہے کہ مذاکرات سے ہی بات چیت آگے بڑھتی ہے اور بات چیت ہی ہرمسئلے کاحل ہے۔ مرادراس نے کہاکہ عمران خان اپنی انجری گولی لگنے کے بعد سے جب زمان پارک منتقل ہوئے تو ان کے ایڈوائزران کو غلط گائیڈکرتے رہے خان صاحب پرحاوی ہوگئے اورساراوقت کان بھرتے رہے جس کی وجہ سے ہم آج یہاں کھڑے ہیں۔ مرادراس نے کہا کہ ایڈوائزرکون تھے نام نہیں لیاجاسکتا سب کوپتاہے کہ پچھلے6ماہ سے ان کے ساتھ کون لوگ تھے۔ مرادراس نے کہاکہ ایڈوائزرہمیشہ غلط مشورے خان صاحب کودیتے رہے اسمبلیاں تحلیل کردیں، احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکلیں اورپھر9مئی کاواقعہ تو انتہا تھی۔