• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی ادارے یا شخص کو عمران پر اعتماد نہیں، مصدق ملک

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اس وقت کسی بھی ادارے یا شخص کو عمران خان پر اعتماد نہیں ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار امتیاز گل نے کہا کہ لوٹے کسی بھی پارٹی میں چلے جائیں ان کے ساتھ وہی ہونا ہے جس شعور کا ذکر عمران خان نے کیا،تمام تر توجہ اور کوششیں ایک شخص کے ہاتھ پاؤں باندھ کر الیکشن کروانے پر لگی ہوئی ہیں،صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق چوہدری نے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والوں کا ٹرائل ہونا چاہئے اس کیلئے عدالتیں موجود ہیں، وکلاء نے ہمیشہ فوجی عدالتوں پر عدم اعتماد کیا ہے، متوازی عدالتیں بناکر مقدمات چلانے ہیں تو انسداد دہشتگردی کی عدالتیں بند کردیں۔ وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ الیکشن آئینی مدت پوری ہونے کے بعد اکتوبر 2023ء میں ہی ہونا ہیں، پاکستان میں جو ہوا نہیں ہونا چاہئے تھا الیکشن کروانے کے اس سے بہتر طریقہ کار تھے، یہ کوئی طریقہ نہیں کہ کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگادی جائے ،جی ایچ کیو پر حملہ آور ہوجائیں اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی جائے، وہ کام دہشتگرد بھی نہیں کرتے وہ کام سیاسی جماعت کرنے لگی، عمران خان نے سپریم کورٹ میں بھی نو مئی کے واقعات کی مذمت نہیں کی۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ آئین و قانون سے بالاتر کوئی کام نہیں ہونا چاہئے، عدالتیں کسی شخص کو پیش کرنے کیلئے کہیں تو اسے پیش کرنا چاہئے، کسی شخص کو تفتیش میں شامل کریں تو باقاعدہ انویسٹی گیشن کے چارجز فریم کریں، خواتین کو گرفتار کرنا ہے تو سلیقے سے اور روایات کے مطابق کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید