• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بیلاروس نے ویزا شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )پاکستان اور بیلا روس نے سفارتی پاسپورٹ کے حامل افراد کیلئے ویزا شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے، جس کے تحت سرکاری، سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے ویزے کی شرط ختم ہوجائے گی۔

دونوں ممالک نےمختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا جا رہا ہے

سفارتی پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزا سے استثنیٰ کے معاہدہ سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے جبکہ بیلا روس کے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، دو طرفہ معاہدوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا،پاکستان میں گاڑی اور ٹریکٹر بنانے کی فیکٹری لگانے پر غور کررہےہیں۔

 منگل کو وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت، توانائی سمیت تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ سفارتی پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزا سے استثنیٰ کے معاہدہ سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سال 2024 میں دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ منائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید