لاہور(جنگ نیوز/ایجنسیاں)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ عدلیہ اور ججوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور ملک کے تمام اداروں کو تحریک انصاف کیخلاف استعمال کیا جا رہا ہے‘ ایک کنگز پارٹی تیارکی جارہی ہے جس میں پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو شامل کیا جائے گا‘مخلوط حکومت ملکی مسائل کا حل نہیں، اسٹیبلشمنٹ کے بغیر عوام کی حمایت سے بننے والی حکومت ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے ۔
قوم سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین ہمیں اجازت دیتا ہے ہم کہیں بھی احتجاج کر سکتے ہیں‘ فوج نے جس طرح کمانڈو ایکشن کر کے مجھے گرفتار کیا تو احتجاج عسکری تنصیبات پر ہی ہونا تھا اور کہاں جانا تھا‘مشکل وقت ہے لیکن غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے‘غلامی سے بہتر موت ہے‘مجھے مارنے کی ایک اور کوشش ہوگی اور میں اس کیلئے تیارہوں۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ عدلیہ بھی دباؤ میں ہے‘ ججوں کو نامعلوم فون کالز آ رہی ہیں کہ ہم یہ کر دیں گے۔
ایف آئی اے اور نیب صرف تحریک انصاف کے خلاف کیسز بنا رہے ہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ نہ ن لیگ، نہ پیپلز پارٹی پورے ملک میں حکومت بنا سکتے ہیں اسی لیے کنگز پارٹی کی مدد سے مخلوط حکومت بنانے کی کوشش کی جار ہی ہے۔