اسلام آباد (صالح ظافر) عمران خان کے دورحکومت کی وفاقی وزیر زبیدہ جلال جن کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے وہ نیب راولپنڈی میں القادرٹرسٹ کرپشن کیس کی تحقیقات کے حوالے سے پیش ہوئیں اور انہوں نے نیب کی انکوائری کے طریقہ کارپر اطمینان ظاہر کیا ہے۔ نیب میں ان کی پیشی 15 منٹ تک جاری رہی اور اور انہوں نے بیوروکی ٹیم کے ڈائریکٹر کے رویے کو شائستہ قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے باوقار انداز میں سوالات کیےاور ان کے علم میں جو کچھ تھا انہوں نے وہ سب کچھ بے تکلفانہ طور پر ٹیم کو بتا دیا۔ نیب نے عمران خان کی کابینہ کے تمام ارکان کو بیان ریکارڈ کرانے کےلیے طلب کررکھا ہے۔ فواد چوہدری بھی اس کیس میں نیب کے میں پیش ہوئے ہیں۔ شیخ رشید اس عمل سے دوررہے ہیں اور انہوں نے بیان دینے سے تو انکار کیا ہے تاہم انہوں نے ایک تحریری سائڈ اسٹوری حکام کو بھجوائی ہے۔ اس کیس میں عمران خان بھی تین گھنٹے تک نیب کے سامنے پیش ہوکر سوالوں کے جواب دے چکے ہیں۔