اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) ملک کے دوسرے صوبائی دارالحکومتوں کے ساتھ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کا انٹرنیشنل ائرپورٹ دن رات پروازوں کیلئے کھلا رہا کریگا جبکہ کئی سال سے کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ رات کی پروازوں کیلئے کم و بیش بند رہا کرتا تھا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ میں رن وے (31L/31R) کی اپ گریڈیشن مکمل کر کے اسے 31مئی 2023ء سے کمرشل و کارگو پروازوں کیلئے کھول دیا ہے5ارب کا پراجیکٹ مکمل ہو گیا ملکی و غیرملکی پروازیں رات میں بھی لینڈو ٹیک آف کر سکیں گی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ایران‘ افغانستان کی بزنس کمیونٹی اور سیاحوں کو فائدہ پہنچے گا مین رن وے پر پہلی پرواز بدھ کی صبح 6بجکر 10منٹ پر لینڈ ہوئی۔ نئے رن وے پر اُترنے والی پہلی پرواز پی کے 325(اسلام آباد کوئٹہ) تھی۔ ائرپورٹ منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر لینڈنگ ائرپورٹ پر اُترنے والی پرواز کے استقبال کیلئے موجود تھے۔